پاکستان کی لوک داستانیں

February 24, 2019

تالیف: پروفیسر حمید اللہ شاہ ہاشمی

صفحات: 408، قیمت: 600 روپے

ناشر: بُک کارنر، جہلم، پاکستان

زیرِنظرکتاب اس اعتبار سے انفرادیت کی حامل ہے کہ اس میں پاکستان کے چاروں صوبوں میں پروان چڑھنے والی محبّت کی معروف داستانیں جمع کر دی گئی ہیں۔ اس میں پنجاب کے ہیر رانجھا، سوہنی مہینوال، مرزا صاحباں سمیت پورن بھگت، دُلّابھٹی اور سمّی کی کہانیاں شامل ہیں، تو خیبر پختونخوا کے موسیٰ خان، گُل مکئی، آدم، درخانئی، محبوبہ جلاوت، یوسف کڑہ مار،شہہ توردِلئی، زرسانگہ، میمونہ اور شیرعالم کی داستانیں بھی موجود ہیں۔ پھر سندھ کےسسّی پُنوں، میندھرا مومل، مومل رانو، عُمرماروی، لیلا چنیسر، نوری جام تماچی، مورڑومیربحر، بھٹائی گھوٹ کے قصّے ہیں، تو بلوچستان کے حانی شہ مرید، شیریں اور دوستیں، شہداد اور ماہناز، سمو اور مست توکلی، بیگم رئیس دربیش، عزّت مُہرک اور للہ گراناز کے رومانی تذکرے بھی موجود ہیں۔ اس مجموعے میں مُلک بَھر کی چیدہ چیدہ عوامی کہانیوں کو یک جا کرنے کی کوشش کی گئی ہے،تاکہ جو لوگ تہذیب و ثقافت کے اس لازمی جزو’’رومانی لوک داستانیں‘‘پڑھنے کی خواہش رکھتے ہوں، اُن کی تشّفی ہوسکے۔ کتاب کا سرورق، موضوع کی مناسبت سے لاجواب ہے، طباعت بھی معیاری ہے۔