سعودی ولی عہدکےدورہ پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری

February 18, 2019

سعودی ولی عہد کےدورہ پاکستان کے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا،اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب پاکستان میں بیس ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا،دونوں ملکوں نے دفاع اور سیکیورٹی میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

سعودی ولی عہد نے بھارت کے ساتھ کھلے دل سے مذاکرات اور کرتار پور راہداری کھولنے پر وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں ملکوں نے دنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کی،،وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی حجاج کے لیے خدمات پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستانی حجاج کے لیے خدمات پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جبکہ سعودی ولی عہد نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی کاوشوں پر وزیراعظم عمران خان کی تعریف کی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ سطح مذاکرات میں تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کو سراہا اور دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان روابط کے فروغ پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستانی قیادت نے مسلم امہ کی مشکلات کم کرنے میں سعودی عرب کے مثبت کردار کو سراہا اور سعودی قیادت نے علاقائی امن اور سیکیورٹی کے لیے پاکستان کی تعریف کی۔

دونوں ملکوں نے مضبوط دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف شانہ بشانہ اپنی ذمہ داری ادا کرے۔

سعودی ولی عہد نے بھارت کے ساتھ کھلے دل سے مذاکرات کی وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا، سعودی ولی عہد نے کرتارپور راہداری کھولنے کے اقدام کی تعریف کی اور خطے میں امن و سیکیورٹی کے لیے تمام مسائل کا حل مذاکرات کو قرار دیا۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں نے افغان مسئلہ کے سیاسی حل اور امن و استحکام کے فروغ پر اتفاق کیا ہے،سعودی قیادت نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں نے تجارت، سرمایہ کاری،عوامی اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے تمام ذرائع استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے سعودی عرب پاکستان میں 20ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرے گا،سعودی ولی عہد اور وزیراعظم کی موجودگی میں سرمایہ کاری کے متعلق ایم او یوز پر دستخط ہوئے۔20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے دونوں ملکوں کے درمیانی تجارتی و سرمایہ کاری حجم میں اضافہ ہوگا۔

سعودی ولی عہد کا کہنا ہے کہ سی پیک خطے کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرے گا۔

دونوں ملکوںنے امن و بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مختلف عقائد میں ڈائیلاگ پر زوردیا اور دنیا بھرمیں مسلمانوں کے خلاف ظلم و بربریت اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ۔