آسٹریلیا سے سیریز،حارث رئوف سلیکٹرز کی نظر میں آگئے

February 20, 2019

شارجہ (نمائندہ خصوصی) چیف سلیکٹر انضمام الحق جمعرات کودبئی پہنچ رہے ہیں۔ وہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کے ساتھ آسٹریلیا کی ون ڈے سیریز کے حوالے سے ابتدائی مشاورت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رئوف سلیکٹرز کی نظروں میں ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل کی فارم کو دیکھتے ہوئے ان کی بھی ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی آسٹریلیا کے خلاف میچوں میں کچھ کھلاڑیوں کو آرام دے کر بعض نئے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتی ہے۔ محمد حفیظ کے ان فٹ ہونے کے بعد شعیب ملک کو ایک دم سے تمام میچوں میں ڈراپ نہیں کیا جائے گا۔ دبئی روانگی سے قبل منگل کو انضمام الحق نے لاہور میں ایم ڈی وسیم خان سے ملاقات کی اس ملاقات میں ورلڈ کپ پلان ،آسٹریلیا کی سیریز اور سلیکشن کے طریقہ کارپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق نے امریکا جانے کا پروگرام منسوخ کردیا ہے ۔انضمام الحق پاکستان سپر لیگ کے میچ بھی دیکھیں گے۔