وزیراعلیٰ سندھ ضلعی سطح پرلاء اینڈ آرڈر کمیٹیاں تشکیل دیں، تحریک انصاف

February 20, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے اراکین سندھ اسمبلی نے صوبے میں بڑھتے ہوئے بدامنی کے واقعات کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ سے ضلعی سطح پرلاء اینڈ آرڈر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا ،منگل کوپاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوش شمیم نقوی کی سربراہی میں پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی نےوزیر اعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دیکر احتجاجی مظاہرہ کیا اور صوبے میں لاءا ینڈ آرڈر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں قائم کرنے کا مطالبہ کیا،جس کیلئے باضابطہ وزیر اعلیٰ کو خط لکھ دیا گیا۔فردوس شمیم نقوی کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو لکھے گئے خط میں متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما علی رضا عابدی کے قتل ،پی ٹی آئی کے رمضان گھانچی پر قاتلانہ حملے ، ارشاد رانجھانی کا لوگو ں کے سامنے قتل ،نوڈیرو میں پشتون مزدوروں کے قتل ،ایم کیوایم آفس پر حملے ،سائٹ اور اورنگی میں فائرنگ کے کے واقعات میں دو کارکنوں کی ہلاکت ،پاک سرزمین پارٹی کے رہنما عبدالحسیب کا قتل اور پولیس حراست میں قتل کے واقعات کا حوالہ دیا ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی نے بازوں پر کالی پٹیاں باندھ رکھی تھیں، احتجاج کے دوران کھڑے ہوکر قومی ترانا بھی پڑھا گیا۔ وزیر اعلیٰ ہائوس کی جانب سے مظا ہرین کے لئے چائےاور بسکٹ بھجوائی گئی جسے واپس کر دی گئی بعد ازاںوزیر اعلیٰ سندھ نےاراکین سندھ اسمبلی کو مذاکرات کے لئےسی ایم ہائوس بلا لیا۔