عدالتی حکم عدولی پر اے این ایف کے 4اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری

February 20, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے عدالتی حکم عدولی پر اے این ایف کے 4 اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 11 مارچ کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے ، فاضل عدالت نے تھانہ اے این ایف میں درج منشیات برآمدگی کے مقدمہ سرکار بنام محمد شیر میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر انسپکٹر زبیر احمد، ہیڈ کانسٹیبل مقبول احمد اور 2 کانسٹیبلوں محمد اسلم اور محمد زبیر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے،فاضل عدالت نے منظور پشتین کی کال پر احتجاج کے الزام میں گرفتار طالبعلم راول اسدکی ضمانت کی درخواست خارج کردی ہے، سیشن عدالت نے منشیات کے ملزم اظہر حسین کو اعتراف جرم کرنے پر ایک سال پروبیشن پر رہنے کی سزا کا حکم دیاہے ،جوڈیشل مجسٹریٹ نے جعلی پرائز بانڈ اور دیگر جعلی کاغذات رکھنے کے مقدمہ میں ملزم رئیس احمد کا 4جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیاہے ، جبکہ فراڈکے ملزم منظور علی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئےجوڈیشل ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا ہے ، مجسٹریٹ کورٹ نے سابق بیوی کی برہنہ ویڈیوز وائرل کرکے بلیک میلنگ کرنے والے ملزم نعیم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا ہے،علاوہ ازیں ملتان کی رہائشی نادیہ پروین کی درخواست پر اسے دارالامان بھجوانے کا حکم دیا گیاہے۔