اسلام آباد، ڈیڑھ ماہ میں متعدد ڈاکے، 26کاریں ، 25موٹر سائیکل چوری

February 20, 2019

اسلام آباد ( ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رواں سال ڈکیتی کی ایک درجن سے زائد وارداتیں ہو چکی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق یکم جنوری سے 18 فروری تک ڈکیتی کی 13 ، سرقہ بالجبر کی 42، نقب زنی کی 41، جبکہ سرقہ عام کی 56 وارداتیں ریکارڈ کا حصہ بنی ہیں ۔ پولیس کی طرف سے جاری اعداد شمار کے مطابق 26 کاریں اور 25 موٹر سائیکل بھی چوری ہوئے ۔ خیانت مجرمانہ اور چیک ڈس آنر کے مقدمات وائٹ کالر کرائم کی شکل اختیار کر چکےہیں اور صرف 49 دنوں میں چیک ڈس آنر کے درج ہونے والے مقدمات کی تعداد ایک سو سے تجاوز کر چکی ہے ، خیانت مجرمانہ کے 20 مقدمات صرف گزشتہ 18 دنوں میں درج ہوئے ہیں ، پولیس افسران کا کہنا ہے ہے کہ جرائم پیشہ افراد کا گھیرا تنگ کیا جارہا ہے،کرائم کی شرح زیرو پر آجائے گی۔