سندھ اپنے آئینی حق کے لیے لڑتا رہے گا، وزیراعلیٰ

February 20, 2019

وفاق سندھ کو اس کے آئینی حق کے مطابق گیس فراہم کرے، سندھ اپنے آئینی حق کے لیے لڑتا رہے گا۔ سندھ میں بیرونی سرمایہ کاری میں اولین ترجیح ہے، سندھ کومعاشی مرکز بنانے کے لیے کامیابی حاصل کریں گے، کراچی میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے رجسٹریشن کا عمل آسان بنا رہے ہیں، سندھ نے کاروبار آسان بنانے کیلئے بہت سے اقدامات کیےہیں اب پاکستان کو بھی کاروبار آسان بنانے کا ہدف پورا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ نے بدھ کو کراچی کی ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ بزنس رفارمز ایگزی بیشن تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کی آمد پر صوبائی وزراء سعید غنی، مکیش کمار چاؤلا، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے افسران و دیگر نے انکا استقبال کیا۔

تقریب میں وزیراعظم کے مشیر تجارت رزاق داؤد اور عالمی بینک کے حکام بھی شریک ہوئے۔ نمائش میں ملک خصوصاً سندھ میں تجارت کے فروغ اور اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کے ہمراہ ایز آف ڈوئنگ بزنس کا پورٹل افتتاح کیا۔

اس موقع پر سندھ بزنس رجسٹریشن پورٹل کا بھی افتتاح کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، اس تبدیلی میں معیشت کا بہت بڑا کردار ہے، تیزی سے تبدیل ہوتی دنیا میں ہم مواقع ضائع نہیں کرسکتے، ہمیں مل کر انسانی ترقی پر خصوصی توجہ دینی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ورلڈ بینک کی ڈوئنگ بزنس رپورٹ سرمایہ کاروں کے لیے بہت اہم ہے، اس رپورٹ کو دیکھ کر سرمایہ کار ملکوں کا چناؤ کرتے ہیں، سیاسی طور پر اس انڈیکس کو بھی بہت اہمیت حاصل ہے، اس انڈیکس سے دنیا کے ملکوں میں سرمایہ کاری لانے کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے مقابلہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی انڈیکس میں گذشتہ سال پاکستان نے 11 پوائنٹ اصلاحات ہوئیں جس میں کراچی کا 65 فیصد جبکہ لاہور کا 35 فیصد کردار شامل ہے اور میری حکومت اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ پرائیویٹ سرمایہ کار ہی عوام میں خوشحالی پیدا کرتا ہے جسے مدنظر رکھتے ہوئےسرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کرنے کےلیے مجوزہ پورٹل کا افتتاح کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانی سے مقامی اور عالمی سرمایہ کار مستفید ہونگے، ہم سرمایہ کار کے لیے مزید آسانی پیدا کرنے کے لیے مزید اصلاحات لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سے حکومتی ریونیو پیدا ہوتا ہے جس سے باہنر ورک فورس سامنے آتی ہے۔ وفاق سندھ کے وسائل پورے کرے ہم اس عالمی بینک رپورٹ میں ٹاپ ٹین پر آجائیں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ نے کاروبار آسان بنانے کے لئے بہت سے اقدامات کیے ہیں، پاکستان کو کاروبار آسان بنانے کا ہدف پورا کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سرمایہ کاری میں اضافہ اور عوام کی خوشحالی کے لئے کام میں بین الصوبائی اور وفاقی حکومت کا ایک دوسرے کا تعاون ناگزیر ہے، دی سندھ بزنس رجسٹریشن پورٹل کے ذریعے کاروباری حضرات اپنی تمام رجسٹریشن چار صوبائی محکموں انڈسٹریز، لیبر ایس ای ایس ایس، ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن آن لائن کر سکیں گے اور انشاء اللہ بہت جلد اس پورٹل سے تمام صوبائی محکمات منسلک ہونگے جس سے لائسنس، پرمٹس، رجسٹریشن اور این او سیز آن لائن ملیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مجوزہ پورٹل میں معاون پر عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ورلڈ بینک ٹاپ 20 بزنس سٹیز انیشی ایٹو 2020 پروگرام کو سراہااور کہا کہ سندھ بھی اس ٹاپ 20 بزنس سٹیز کے لیے باقاعدہ مقابلہ کرے گا۔

تقریب سے زبیر موتی والا نے پرائیوٹ سیکٹر کی جانب سے اپنے خطاب میں کہا کہ آج سندھ حکومت نے بہت ہی اہم کام کردکھایا ہے، مجوزہ پورٹل سے کاروباری طبقے کو بہت سی سہولیات ملیں گی جس سے سرمایہ کاری کرنے میں مدد ہوگی۔