ساری توجہ پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کرنے پر ہے، سلمان بٹ

February 20, 2019

لاہور قلندرز میں شامل ہونے والے ٹیسٹ کرکٹر سلمان بٹ نے کہا ہے کہ کہ اب توجہ پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کرنے پر ہے جس سے ان کی ٹیم کو فائدہ ہو سکے، جب ورلڈ کپ آئے گا تب دیکھا جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان بٹ نے کہا کہ وہ لاہور قلندر کی مینجمنٹ کا شکریہ ادا کر تے ہیں جس نے اُنہیں موقع دیا۔

ایک سوال کے جواب میں ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ابھی اُن کی ساری توجہ پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کرنے پر ہے، جب ورلڈ کپ آئے گا تب اس پر بات ہو گی۔

انجرڈ محمد حفیظ کے پی ایس ایل سے باہر ہونے کے بعد لاہور قلندرز نے ٹیسٹ اوپنر سلمان بٹ کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔

لاہور قلندرز اے بی ڈیولیئرز کی قیادت میں اپنا اگلا میچ ملتان سلطانز کے خلاف 22فروری کو شارجہ میں کھیلے گی۔