اقبال مبارک محبتیں بکھیرنے والا انسان، صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا: تعزیتی ریفرنس

February 21, 2019

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام مقامی اخبار کے سینئر سب ایڈیٹر اقبال مبارک مرحوم کی یاد میں پریس کلب میں تعزیتی ریفرنس ہوا، مقررین نے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک عظیم انسان سے محروم ہوگئی ہے، اقبال مبارک ان افراد میں سے تھے جو اپنی دنیا آپ پیدا کرتے ہیں، وہ محبتیں بکھیرنے والا انسان تھا، اہل صحافت ان کی کمی کو محسوس کریں گے،مرحوم نے تھوڑے عرصے میں صحافت میں بڑا مقام بنایا ’’لاڈلا‘‘ کے لقب سے مشہور اقبال مبارک کے ساتھ گزرے لمحات ہمیشہ یاد دلاتے رہیں گے،مرحوم گلشن صحافت کا ایسا پھول تھا جس کی خوشبو ہمیشہ زندہ رہے گی، اسے دوسروں کو خوش رکھنے کا فن آتا تھا، وہ نرم دل انسان تھا اور کسی کو مشکل میں نہیں دیکھ سکتا تھا، ان کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اختتام پر مرحوم کیلئے دعا کی گئی۔