پلوامہ حملہ،ترکی نے پاکستان پر لگائے گئے بھارتی الزامات مسترد کر دیئے

February 23, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) ترک وزیر خارجہ میولوت چاؤش اوغلو نے پلوامہ حملے سے متعلق پاکستان پر لگائے گئے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل بات چیت سے نکالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی کشمیر کے ایشو پر پاکستان کی حمایت کرتا ہے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔یہ بات انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کہی۔ اس دوطرفہ بات چیت میں پاک بھارت کشیدگی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو پلوامہ حملے کے بعد کی صورتحال سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا ، ترک وزیر خارجہ نے زور دیکر کہا کہ مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کو بات چیت کرنی چاہیے۔