کورنگی ، سفاک باپ کے تشدد سے 6 سالہ بچی جاں بحق

February 23, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کورنگی میں سفاک باپ کے تشدد سے 6 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی ساڑھے تین نمبر نورانی بستی بنگالی پاڑہ کچی آبادی مکان نمبر 664 میں کمسن بچی کی لاش کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کیا، پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں مقتولہ بچی کی شناخت 6 سالہ مسکان دختر عبدالحکیم عرف بڑ بی شاہ کے نام سے ہوئی ہے، اہل محلہ کا کہنا ہے کہ بچی کو اس کے ملزم باپ نے تشدد کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگیا، پولیس کا مزید کہنا تھا کہ اہل محلہ نے پولیس کو بتایا کہ فرار ملزم نے گزشتہ روز بھی بچی کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس پر اسکی ماں سے بھی اسکا جھگڑا ہوا، جمعہ کو ملزم نے اپنی بچی کو کھانے کے لیے کیک دیا جو کہ بچی نے نہیں کھایا تو اس پر ملزم نے لوہے کے راڈ سے بچی پر تشدد کیا جو بچی تشدد برداشت نہیں کرسکی اور جاں بحق ہوگئی ۔ بچی کی موت پر ملزم موقع سے فررار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے دو بچے تھے جبکہ اسکی بیوی کی حالت بچی کی موت پر کافی خراب ہے جس کے بعد اسکا بیان لیا جائے گا۔