پاکستان نے قیدی شاکر اللہ کی موت پر بھارتی رپورٹ مسترد کر دی

February 23, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان نے جے پورجیل میں پاکستانی قیدی شاکراللہ کی موت کے بارے میں بھارتی رپورٹ مسترد کردی ،پاکستانی قیدی کا قتل بھارتی حکومت اور مقامی میڈیا کی پیدا کی گئی جنونیت کے باعث ہوا۔ بھارتی حکام نے نئی دلی میں پاکستان ہائی کمشنر کو بتایا ہے کہ شاکراللہ جیل کے ٹیلی ویژن روم میں ساتھی قیدیوں کے درمیان جھگڑے میں شدیدزخمی ہوئے یہ زخم جان لیواثابت ہوئے۔ تاہم بعض بھارتی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ وہ تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ یہ حقیقت سمجھ سے بالاترہے کہ بھارتی جیل میں قیدیوں کے درمیان لڑائی اس حد تک شدت اختیار کرگئی کہ پاکستانی قیدی شاکراللہ شدیدزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔