کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو 144 رنز کا ہدف

February 23, 2019

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فور کے 13 ویں میچ میں کراچی کنگز نے بین ڈنک اور امیر یامین کی 69 رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت اسلام آباد کو 144 رنز کا ہدف دے دیا۔

کراچی کنگز نے بین ڈنک 49، امیر یامین35، بابر اعظم27 اور لیونگ اسٹون 22 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 143 رنز بنائے۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائمقام کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈ نگ کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز کی طرف سے بابراعظم اور کولن منرو نے اننگز اوپن کی،مگر پہلے اوور کی تیسری گیند پر کولن منرو بائونڈلائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے،وہ رومان رئیس کا پہلا نشانہ بنے۔

کراچی کنگز کی دوسری وکٹ چوتھے اوور میں 19 کے اسکور پر گری،ون ڈائون بیٹسمین اویس ضیا3 رنز بناکر محمد موسیٰ کا شکار بن گئے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو تیسری کامیابی 25 کے اسکور پر مل گئی، کولن انگرام کو فہیم اشرف نےرومان رئیس کی مدد سے پویلین کا راستہ دکھایا۔

چوتھے آوٹ ہونے والے بیٹسمین اوپنر بابر اعظم تھے، جو46 کے مجموعی اسکو پر 27 رنز کی اننگز کھیل کر رن آوٹ ہوگئے۔

لیونگ اسٹون اور بین ڈنک کی 28 رنز کی شراکت فہیم اشرف نے 14 ویں اوور میں توڑی،انہوں نے لیونگ اسٹون کو 22 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا۔

اسی اوور کی پانچویں گیند پر فہیم اشرف نے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو 74 کے اسکور پر بولڈ کردیا اور میچ میں تیسری وکٹ اپنے نام کرلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

پی ایس ایل فور کے 13 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے شاداب خان اور کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم ٹاس کےلئے میدان میں اترے۔

اسلام آباد کی طرف سے فائنل الیون میں لیوک رونچی،صاحبزادہ فرمان، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد موسیٰ،اسمتھ پٹیل، رومان رئیس اور پارنیل شامل ہیں۔

کراچی کنگز کی طرف سے بابر اعظم، کولن منرو، اویس ضیاء، کولن انگرام، لیونگ اسٹون،بین ڈنک،محمد عامر،امیر یامین، عمر خان اور عثمان شنواری میدان میںاپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان اب تک 4 میچز کھیلے جاچکے ہیں ،دونوں ٹیمیں 2،2 میچز میں فاتح رہی ہیں۔

اس ایونٹ میں پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور کراچی کنگز 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر براجمان ہے۔