پنجاب میں گورننس نہیں،لگتاہےبزدار تونسہ کےوزیراعلیٰ ہیں،ملک احمدخان

February 24, 2019

لاہور(خصوصی نمائندہ)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کوئی گورننس نہیں،لگتاہے کہ عثمان بزدار تونسہ کے وزیر اعلیٰ ہیں، اکثریت رکھنے والی حکومتیں نہیں رہیں تو یہ کچھ نشستوں کی اکثریت والے بھی زیادہ دیر تک نہیں رہ سکتے،شہبازشریف پر 56کمپنیوں،آشیانہ اقبال سکیم اور رمضان شوگر ملز کے معاملے پر الزامات جھوٹے ثابت ہوئے،اب بتائیں اربوں روپے کی کرپشن کہاں ہوئی،جھوٹے الزامات سے تنگ آچکے ہیں،حکومتی وزراء مناظرہ کرلیں،ہم وارننگ دے رہے ہیں کہ جھوٹے الزامات لگانا بند کریں،نوازشریف اور شہبازشریف کے بخار سے نکلیں اور اپنی کارکردگی بتائیں ،علاج کے معاملے پر نوازشریف کی تذلیل کی گئی،انکی اصل حیثیت عوام کے سامنے آنے کا انتظار کررہے ہیں۔ان خیاات کا اظہار انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر عطاء تارڑ سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان نے الزام لگایا کہ شہبازشریف نے پاناما معاملہ دبانے کے لیے 10 ارب کی پیشکش کی ،ہم نے انہیں لیگل نوٹس بھیجا لیکن کوئی جواب نہیں ملا ،ملتان میٹرو کے معاملے پر لیگل نوٹس بھیجا اس کا بھی عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا ،عمران خان الزام لگاتے ہیں اور پھر ان کی پوری جماعت الزام لگانا شروع کر دیتی ہے۔ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ آشیانہ اقبال میں سرکاری خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا لیکن وفاقی اور صوبائی وزیر جھوٹے کیسز پر اثر انداز ہوتے رہے ،وزرا نے حکومتی وسائل استعمال کرتے ہوئے جھوٹا پروپیگنڈہ کیا،نیب کے پاس ثابت کرنے کو کچھ نہیں تھا،شہباز شریف نے خندہ پیشانی سے حالات کا مقابلہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جھوٹ پر پوری عمارت کھڑی کرتے ہیں،شہبازشریف ضمیر کے قیدی ہیں وہ کب تک خاموش رہیں گے،ہم نے انہیں کو دن رات کام کرتے دیکھا ہے۔ ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان آپ نے بھارت کو جواب دیا تو ہم نے اسکی تائید کی،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چاروں میڈیکل بورڈز نے کہا کہ نوازشریف کے دل کا علاج ہونا چاہیے مگر علاج کے معاملے پر تین بار کے منتخب وزیر اعظم کی تذلیل کی گئی ،ہم نے تو ان کے خرچ سے ڈسپرن بھی استعمال نہیں کی،ان کی اصل حیثیت عوام کے سامنے آنے کا انتظار کر رہے ہیں۔سپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کے خلاف ہوں،انہوں نے پارٹی رہنما ،سابق رکن اسمبلی رانا تجمل حسین کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین۔اس موقع پر عطاء تارڑ نے کہا کہ شہبازشریف کو چھوٹے کیس میں 133دن نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا،وزیر اعظم غیر ملکی دوروں میں بھی ملک کی عزت کو خراب کرتے رہے،پرانے منصوبوں پر نئی تختیاں لگائی جا رہی ہیں،صاف پانی منصوبے میں شہبازشریف کی کوشش سے 20 فیصد بچت ہوئی۔