سپریم کورٹ، کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن،نگرانی چیف سیکرٹری کے سپرد

February 27, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کے جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کراچی کو اصل شکل میں بحال کرنے کیلئےتجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیدیا۔ عدالت عظمیٰ نے چیف سیکرٹری کو آپریشن کی نگرانی اور باغ ابن قاسم سمیت شہر بھر سے تجاوزات کا ملبہ بھی فوری ہٹانے کا حکم دیاہے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آپریس اسی طرح جاری رہا تو انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ بینچ کے سربراہ جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے ہمارا بھی خواب ہے کراچی اصل شکل میں بحال ہو اورشہرکی رونقیں لوٹ آئیں، چھوٹے چھوٹے پلاٹس پر کاروباری ادارے اور ریسٹورنٹس بنادیئے گئے ہیں، اب گلیوں میں چلنے کی جگہ نہیں بچی اور ہر جگہ تجاوزات کی بھرمار ہے، شہر کو اصل حالت میں رکھنا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ذمہ داری تھی مگر انہوں نے اپنا کام نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ کے روبرو شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور کراچی کو اصل شکل میں بحالی سے متعلق سماعت ہوئی۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ، میئر کراچی وسیم اختر اور ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائم خانی سمیت متعلقہ اداروں کے افسران پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ چیف سیکرٹری تمام محکموں اور اداروں کے درمیان تعاون اور مشاورت کو یقینی بنائیںاور مزید حکم دیاکہ تجاوزات کے خاتمے اور ملبہ اٹھانے میں کوئی ادارہ مداخلت نہ کرے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے موقف اپنایا کراچی کو اصل شکل میں بحال کرنے کیلئے ماہرین کی مدد لے رہے ہیں۔ یکم جنوری کو کانفرنس میں ماہرین سے رائے لی گئی ہے۔ اگر منصوبہ بندی کے بغیر کارروائی کی گئی تو انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔