رافیل اسکینڈل، مودی بھانڈا پھوڑنے والے اخبار پر برہم، کارروائی کا اعلان

March 08, 2019

کراچی(نیوزڈیسک، خبرایجنسیاں) بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی رافیل طیاروں کے حوالے سے بھانڈا پھوڑنے والے اخبار پر برہم ہوگئے اور ان کی حکومت نے اخبار کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا،دوسری جانب کانگریس رہنماراہول گاندھی نے کہا ہےکہ روزگار غائب ، فصلوں کی بیمہ غائب اور اب رافیل طیاروں کی دستاویزات بھی غائب ہوگئیں۔بھارتی میڈیا کےمطابق بھارتی حکومت نے کہا کہ رافیل طیاروں کے حوالے سے اخبار کی رپورٹ ان دستاویزات پر مبنی ہیں جو وزارت دفاع سے چوری ہوگئی تھیں لہٰذا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔دو سری جانب کانگریس کے صدر راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ رافیل طیاروں کی ڈیل میں براہ راست نریندرمودی کا نام آرہا ہے ، نریندر مودی نے 30 ہزارکروڑامبانی کی جیب میں ڈالے، مودی امبانی کوڈیل دلانا چاہتے تھے اس لیے رافیل وقت پرنہ آئے، مودی کے خلاف کارروائی کی جائے۔اخبار کی جانب سے موقف سامنے آیا ہےکہ ہم نے وزارت دفاع سے دستاویزات نہیں چرائیںہمیں یہ دستاویزار خفیہ ذرائع سے ملی ہیںاور دنیا کی کوئی طاقت ہم سے اس ذرائع کا اگلوا نہیں سکتی۔دریں اثناء سونیا گاندھی رائے بریلی جبکہ کانگریس سربراہ راہول امیتھی سے مقابلے کیلئے میدان میں اتریں گے۔تفصیلات کے مطابق کانگریس نے 2019 میں لوک سبھا کے انتخابات کیلئے 11 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے جس میں کانگریس سربراہ راہول گاندھی اور یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی کا نام بھی شامل ہے۔بتایا گیا ہے کہ سونیا گاندھی رائے بریلی جبکہ راہول امیتھی سے مقابلے کیلئے میدان میں اتریں گے۔