خواتین اپنا کاروبار کیسے شروع کریں؟

March 08, 2019

اپنا کاروبار شرو ع کرناکوئی آسان کام نہیں، مضبوط اعصاب کے مالک افراد بھی نروس ہوجاتے ہیں۔ تاہم، اگر آپ ہمت کرچکی ہیں اور اس سلسلےمیں پُرجوش بھی ہیں تو آپ کو انٹرپرینیورشپ کی رولر کوسٹر پر بیٹھنے سے پہلے کچھ اقدامات کرنے ہوں گے۔

فیملی کی سپورٹ

سب سے پہلے تو اپنی فیملی سے صلاح و مشورہ کریں (بالخصوص اگر آپ شادی شدہ ہیں) کیونکہ ایسے میں آ پ کو ان کی سپورٹ کی ضرورت زیادہ ہوگی۔ ہوسکتا ہے جب آپ کو میٹنگز اٹینڈ کرنی ہوں توگھر کا کوئی فرد آپ کے بچوں کو دیکھ لے یا آپ کا شوہر خیال کرتے ہوئے ہاتھ بٹائے تاکہ آپ اضافی کام کرسکیںاور سب سے بڑھ کر یہ کہ گھر والوں کے علم میں سب کچھ ہونا چاہئے تاکہ آپ زندگی کے نشیب و فراز سےگزریں تو وہ آپ کے ساتھ ہوں۔

سب سے اہم بات یہی ہے کہ اپنا کاروبار کرنے کے جذبے میںاپنی فیملی کو نظر انداز نہ کریں۔ گھر والوںکے ساتھ مل بیٹھنے کیلئے وقت نکالیں، آخر آپ یہ سب کچھ اپنی فیملی کیلئے ہی تو کرنے جار ہی ہیں۔

لوگوں کے تجربات سے استفادہ

اب آتے ہیںکاروبار کی طرف۔ سب سے پہلے ان خواتینکےساتھ وقت گزاریںجو آپ جیسے ذہن کی مالک ہیںیاد وسرے لفظوںمیںوہ آپ جیسی ہی انٹر پرینیور ہیں۔ انہیںتلاش کریں، ان کے ساتھ کافی پیتے ہوئے گپ شپ کریں اور ان کے تجربات سے استفادہ کریں۔ جن خواتین نے اپنی انٹرپرینیورشپ سے دنیا کو متاثر کیا ہو، ان کے نیٹ ورک میںشمولیت اختیار کریں۔

بزنس پلان تیار کریں

جب آپ اپنے بزنس کے حوالے سے کسی فیصلے پر پہنچ جائیں تو بزنس پلان تیار کریں۔ آپ کا بزنس پلان آپ کے سرمائے کے مطابق ہونا چاہئے تاکہ اس سلسلے میںآپ کسی ابہام کاشکار نہ ہوں۔ بینک یا کسی سرمایہ کار کی مدد سے زائد رقم کا بندوبست ہوجائے تو پھر اس کے مطابق پلان بنالیں۔ آپ کا بزنس پلان ہی آپ کی رہنمائی کرے گاکہ اسے کس سمت جانا چاہئے۔

حریف کو کبھی نظر انداز نہ کریں

آپ کوئی بھی کاروبار کریں آپ کو میدان خالی نہیں ملے گا۔ آپ کے حریف پہلے سے موجود ہوں گے اور اگر آپ ابتدا کرنے والوں میں سے ہیں تو حریف پیدا ہو جائیں گے، جن کے بارے میں چوکنا رہنا بہت ضروری ہے۔ کاروباری دنیا میں پیشہ ورانہ روّیہ ہمیشہ کام کرتاہے کیونکہ اس سے آپ اپنے حریفوں سے باخبررہتی ہیں۔ ان کے طرز عمل اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آپ آشنا ہو سکتی ہیں۔ بعض اوقات آپ اپنے حریفوں سے سیکھتی ہیں، جبکہ بعض حریف آپ کے اچھے دوست بھی بن جاتے ہیں۔ لہٰذا ان سے خوف کھانے کے بجائے اچھے مراسم قائم کرنے کی کوشش کریں اور کاروبار میں اپنے حریفوں کی تکنیکوں سے استفاد ہ کریں۔

عمدہ ٹیم بنائیں

ایک بہترین ٹیم بنائیں، اگرآپ ایک اچھی اکائونٹینٹ نہیں ہیںتو ایک اکائونٹنیٹ کی خدمات حاصل کریں اور اس سے تمام مالیاتی امور پر کام لیں۔ اگر آپ ایک اچھی پریزنٹیشن نہیںبناسکتیں یا ای میل نہیںلکھ سکتیں تو اس کیلئے کسی باصلاحیت اسسٹنٹ کو ہائر کریں۔ جو مہارتیںآپ کے پاس نہیں ہیں،ان کی تکمیل کیلئے آپ کو لوگ بھرتی کرنے پڑیںگے، جن کی تنخواہ بھی آپ نے طے کرنی ہوگی۔

سوشل میڈیا کا استعمال

آپ سوشل میڈیا پر بھی کسٹمرز کو تلاش کرسکتی ہیں، جو آپ کو ٹوئٹر ، فیس بک اور انسٹاگرام پر بآسانی مل جائیں گے۔ مختلف پلیٹ فارمز پر چھان بین کرکے آپ اپنے کاروبار کے لیے صحیح کسٹمرز کو ڈھونڈ سکتی ہیں۔ سوشل میڈیا ایک زبردست پلیٹ فارم ہے ، جہاں آپ بغیر کسی چارچز کے کاروباری تعلق قائم کرسکتی ہیں اور اپنے کسٹمرز سے رابطہ کرسکتی ہیں۔

مینٹور سے سیکھیں

ہر کسی کو اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ کرنے کیلئے ویسے بھی مینٹورکی ضرورت ہوتی ہے اور اس کی اہمیت سے انکار کسی طور ممکن نہیں۔ مشورہ سازی کا عمل مستقبل کیلئے بہت سود مند ثابت ہوتاہے، جو لیڈر شپ صلاحیتیں پروان چڑھانے میں مدد کرتا ہے۔مینٹورشپ سے نہ صرف آپ اپنے کام کے ماحول کو بہتر بناسکتی ہیں بلکہ اپنے ملازمین کا اعتماد بھی حاصل کر سکتی ہیں۔

چند تجاویز

■وہ کام کریں جو آپ کو پسند ہو ، اگر آپ کو انٹر پرینیورشپ پسند نہیں تو نہ کریں ، کیونکہ بحالت مجبوری کاروبار کرنے سے آپ اپنا نقصان کرسکتی ہیں ۔

■ہمیشہ سوچ بچار میں مصروف رہیں، نت نئی چیزوں کو سوچتی رہیں ۔

■ کسٹمرز آپ کا بہترین سرمایہ ہوتے ہیں، ان کا ہمیشہ خیال رکھیں ۔انہیں مایوس نہ ہونے دیں، وہ بھی آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔

■سننے کی عادت اپنائیں۔ اپنے اسٹاف اور کسٹمر ز سے ہمیشہ فیڈ بیک لیتی رہیں۔ اس طرح آپ ان کا بھروسہ جیتنے میں کامیاب رہیںگی۔

■اپنی ساکھ پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں اور اپنی پراڈکٹس اور خدمات میں بہتری لاتی رہیں۔