کراچی، ورکشاپ میں آتشزدگی، 2پولیس موبائلیں، رکشہ جل گیا

March 13, 2019

کراچی کے علاقے گارڈن میں واقع ورکشاپ میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 2پولیس موبائلیں اور ایک رکشہ مکمل طور پر جل گیا۔

گارڈن کے علاقے میں واقع گاڑیوں کی ورکشاپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے اس نے ورکشاپ میں موجود گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے 2 فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے جن کی مدد سے آگ کو بجھانے کا عمل شروع کیا گیا تاہم تب تک گاڑیاں مکمل طور پر جل گئی تھیں۔

پولیس کے مطابق واقعے میں مرمت کے لیے آنے والی 2 پولیس موبائلیں اور رکشہ جل گیا ہے، جبکہ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ ورکشاپ میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔