برازیل: اسکول میں فائرنگ، پانچ بچوں سمیت نو افراد ہلاک

March 13, 2019

برازیل کے شہر سائوپولو کے ایک ایلیمینٹری اسکو ل میں بدھ کی صبح دو نوجوانوں کی جانب سے عمارت میں داخل ہوکر فائرنگ کرنے کے نتیجے میں کم ازکم نو افراد ہلاک ہوگئے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

شہر کی پولیس کاکہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں اسکول کے پانچ طالب علم بچے، عمارت میں کام کرنے والے اور اسکول کے باہر کھڑےدو افراد شامل ہیں۔

جبکہ حملہ آور کم عمر نوجوانوں نے بعدازاں خودکو بھی فائرنگ کرکے اپنی زندگیاں ختم کرلیں۔ رول برازیل نامی اس ایلیمینٹری اسکو ل میں پیش آنے والے اس فائرنگ کے واقعے میں کم ازکم سترہ افراد زخمی ہوئے جن میں زیادہ تربچے شامل ہیں۔

جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، تاہم انکے زخموں اور حالت کا فوری پتہ نہیں چل سکا ہے۔

واضح رہے کہ برازیل میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات شاذ ونادر ہی ہوتے ہیں اور آخری بار اس قسم کا واقعہ ریوڈی جینرو میں 2011میں پیش آیا تھا جس میں بارہ بچے اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے،فائرنگ کرنے والا اسی اسکول کا سابق طالب علم تھا۔

البتہ برازیل میں سالانہ قتل اور جان سے مارنے کے واقعات کافی زیادہ ہیں، گو کہ برازیل میں اسلحہ کے حوالے سے کافی سخت قوانین موجود ہیں مگر پھر بھی غیرقانونی اسلحہ حاصل کرنا کچھ زیادہ مشکل نہیں ہے۔

پولیس نے اس واقعے کے متعلق مزید بتایا کہ فائرنگ کرنے والے دونوں کم عمر نوجوانوں نے اپنے چہروں پر ماسک پہن رکھا تھا اور وہ صبح نوبج کر تیس منٹ پر اسکول میں داخل ہوئے اور انھوں نے فائرنگ شروع کردی۔