آصف کا کیچ چھوڑ کر بابر اعظم ہیرو بنتے بنتے زیرو بن گئے

March 15, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بابر اعظم ہیرو بنتے بنتے زیرو بن گئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بابر اعظم نے چار شاندار کیچ لیئے تاہم انہوں نے دو کیچ ڈراپ بھی کیے ۔ انہوں نے اہم موقع پر آصف علی کا کیچ چھوڑا جو مہنگا ثابت ہوا ،آصف علی نے دس بالز پر چوبیس ناقابل شکست رنز بنا کر اسلام آباد کو میچ جتوا دیا۔ اس سے قبل کراچی کنگز کی اننگز میں شاداب خان کی حاضر دماغی سے اسلام آباد کو بابر اعظم کی قیمتی وکٹ حاصل ہوئی۔بابر اعظم جو 42 رنز پر کھیل رہے تھے 12ویں اوور میں رومان رئیس کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ رومان رئیس اور وکٹ کیپر لیوک رونکی کیجانب سے آؤٹ کی اپیل نہیں کی گئی تاہم مڈ آف پر کھڑے شاداب خان دوڑتے ہوئے رومان رئیس کے پاس آئے اور ریویو لینے کو کہا ۔جس میں بابر کو آؤٹ قرار دیا گیا۔ دریں اثنا کراچی کنگز کے نوجوان اسپنر عمر خان سب کی توجہ کا مرکز رہے۔ان کو اس ٹورنامنٹ کی دریافت کہا جا رہا ہے۔