پی ایس ایل، واٹسن بہترین بیٹسمین، حسن علی بہترین بولر قرار

March 18, 2019

پاکستان سپر لیگ فور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن کو بہترین بیٹسمین اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ جبکہ پشاور زلمی کے حسن علی کو بہترین بولنگ آف دی ٹورنامنٹ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن نے مجموعی طور پر 12 میچوں میں 430 سے رنز بنائے جس میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور 91 رنز ناٹ آؤٹ رہا۔

پشاور زلمی کے حسن علی مجموعی طور پر 13میچز میں 25 وکٹیں حاصل کر کے وکٹ ٹیبل میں سرفہرست رہے۔ ان کی بہترین کارکردگی 15 رنز کے عوض 4 وکٹ رہی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین کو مین آف دی میچ جبکہ پشاور زلمی کے کیرون پولارڈ کو آل راؤنڈ پرفارمنس کا ایوارڈ دیا گیا، اس کے علاوہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے آصف علی کو اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ ملا۔

کوئٹہ کے محمدحسنین نے فائنل میں 4 اوورز میں 30 رنز کے عوض پشاور کے 3اہم شکار کھلاڑیوںکو آؤٹ کیا تھا، جس پر انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پشاور کے کیرون پولارڈ نے مجموعی طور پر 13 میچز میں 284 رنز بنائے اور 5 وکٹیں بھی حاصل کی جس پر انہیں آل راؤنڈ پرفارمنس کے ایوارڈ سے نواز گیا۔

اسلام آباد کے آصف علی مجموعی طور پر 12 میچز میں 26 چھکے لگا کر اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ لے اڑے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل فور کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔