پنجاب ریونیو اتھارٹی نے پی ایچ اے اکائونٹس سے 3کروڑ ٹیکس کاٹ لیا

March 19, 2019

راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) پہلے سے سنگین مالی مسائل کے شکار ادارے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی کے اکائونٹس سے تین کروڑ روپے پی آر اے نے مختلف ٹیکس کی مد میں حاصل کر لئے، ذرائع کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی نے پی ایچ اے سے مختلف ہورڈنگز سے ٹیکسز کی ادائیگی کا تقاضا کر رکھا تھا اور پھر اس کیخلاف فیصلہ دیا تھا جس کیخلاف پی ایچ اے نے کمشنر پی آر اے سے اپیل کر رکھی تھی وہاں سے بھی پی ایچ اے کیخلاف فیصلہ آیا جس پر پی ایچ اے کے اکائونٹس سے ٹیکس کی مد میں تین کروڑ روپے کی رقم نکلوا لی گئی۔پی ایچ اے مالی بحران کا شکار ہے جبکہ پنجاب حکومت کی طرف سے بھی پی ایچ اے کو رواں مالی سال ملازمین کی تنخواہوں کیلئے ایک روپے کا فنڈ بھی جاری نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں رواں ماہ کی تنخواہیں ملازمین کو نہیں مل پائیں گی۔