پاکستان چین کا ا ٓہنی دوست،دنیا دہشت گردی کیخلاف اس کی جنگ کو قدر سے دیکھے، چینی وزیرخارجہ

March 20, 2019

بیجنگ (اے ایف پی) چین نے اپنے آہنی دوست پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے دہشتگردی کیخلاف جاری اسلام آباد کے حالیہ اقدامات کی ستائش کی ہے۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کی جانب سے دہشتگردی کیخلاف حالیہ ٹھوس اقدامات کی تعریف کرتا ہے، ہم دہشتگردی کیخلاف جاری مہم میں پاکستان کی مکمل حمایت کرتے ہیں، شاہ محمود قریشی کیساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دہشتگردی کیخلاف جاری پاکستان کی جنگ کو قدر کی نگاہ سے دیکھے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم مشکل وقت میں ایک بار پھر ساتھ دینے پر چین کے کردار کی کو سراہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی کے خطرے کیخلاف تعاون کررہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے متعلق شعبوں میں اس میں اضافہ ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے دہشتگردی سے متعلق قابل ذکر پیش رفت کی ہے اور ہم نے اس کی بھاری قیمت چکائی ہے جسے ہر کوئی تسلیم کرتا ہے۔ قبل ازیں وانگ ژی نے شاہ محمود کا استقبال کرتے ہوئے پاکستان کو اپنا آہنی دوست قرار دیا اور کہا کہ اسلام آباد نے اہم مسائل پر ہمیشہ لوہے کی طرح بیجنگ کی حمایت کی ہے، اور یہ حقیقت ہے چین بھی ایسا ہی کرتا ہے۔