تھرکول پاور پلانٹ، 330 میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع

March 20, 2019

کراچی ‘مٹھی ‘اسلام کوٹ(اسٹاف رپورٹر‘نامہ نگاران)تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ اینگرو پاور جین تھر لمیٹڈ ( EPTL) نے تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کر کے کامیابی سے نیشنل گرڈ میں شامل کردی جس سے قوم کا تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا خواب پورا ہوگیاہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےکہا ہے کہ ’تھر سے بدلے گا پاکستان‘ نعرے نے کام دکھانا شروع کردیا ہے‘تھر کول کے 330 میگا واٹ پاور پلانٹ نے کام شروع کردیا ہے جس سے نیشنل گرڈ کو بجلی فراہمی شروع ہوگئی‘تھرکے کوئلے کی رائلٹی تھرفاؤنڈیشن کو ملے گی‘جو کہتے تھے تھرکول سے کچھ نہیں ہوگا، انہیں اب جواب مل گیا‘تنقید کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔ وزیر اعلی ہاؤس ترجمان کے مطابق مراد علی شاہ نے منگل کو تھر کول بلاک ٹو کا دورہ کیا۔ مراد علی شاہ نے 330 میگاواٹ کے بجلی گھر کا دورہ کیا اور پیداواری عمل کا جائزہ لیا ۔ دورے کے اختتام پرمیڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ گزشتہ شب 10بجکر 46منٹ پر تھر کے کوئلہ سے بجلی پیدا ہو کر نیشنل گرڈ میں شامل ہو چکی ہے‘محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگیا‘پاور پروجیکٹ کا 10 اپریل کو بلاول بھٹوباقاعدہ افتتاح کریں گے۔