پی ڈی اے کا اجلاس، مجوزہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز مسترد

March 20, 2019

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نےمیڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کے طرز پر اضلاع میں مجوزہ ڈسٹرکٹ اتھارٹیز کے قیام کو مسترد کر دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ اس کے خلاف مہم چلائی جائے گی کیونکہ مجوزہ اتھارٹیز کے خفیہ قواعد وضوابط سے ملازمین کی سول سرونٹس کی حیثیت ختم ہوجائے گی۔ اس سلسلے میں پی ڈی ا ےکی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ کے ارکان نے شرکت کی اجلاس میں ڈاکٹروں کو درپیش مسائل خصوصاً تبادلوں، ترقی، مجوزہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز، سیکورٹی اور میڈیکل آفیسرز ایکٹ، ہسپتالوں میں سیاسی مداخلت، ایل آر ایچ کے کارڈیو واسکولر وارڈ کی آڈٹ رپورٹ اور دیگر امور پر بحث کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ اتھارٹیز کے قیام بارے متعلقین اور ڈاکٹرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نہ ہی ان کی خوبیوں اور خامیوں کو سامنے لایا گیا ہے محکمہ صحت بھی اس حوالے سے لا علم ہے یہ سرکاری ہسپتالوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی کڑی ہے جسے قبول نہیں کیا جائے گا، اتھارٹیز کے ذریعے پسند کے ملازمین کو بھرتی کیا جائے گا اس میں ملازمت کو کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے۔