بارسلونا میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہیدوں کی غائبانہ نماز جنازہ

March 25, 2019

بارسلونا(جواد چیمہ)کلوت پارک بارسلونامیں دوہزار سے زائد افراد نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے واقعے میں شہید ہونیوالے افراد کی غائبانہ نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ شہداءکیلئے دعائیں کی اور زخمیوں کی جلد یابی صحت یابی کیلئے بھی اللہ عزوجل سے درخواست کی گئی۔غائبانہ نمازجنازہ میں کئی کاتالان اور ہسپانوی حکام کے علاوہ نیوزی لینڈ کے قونصلیٹ کے اہلکاروں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اس موقع پر اسلامک کاتالان سینٹر کے صدرسلیم بینامار نے کہا کہ کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ایک مسلح شخص متعصب شخص نےایک مشین گن سے نے نہتے لوگوں کو تو شہید کردیا مگر وہ اسلام کو کوئی نقصان نہیں پہنچاسکا اور نہ ہی کوئی آسمان ٹوٹ پڑا اور نہ ہی وہ مسلمانوں کے ایمان کو متزلزل کرسکا۔تعصبات کیخلاف این جی اوکے نمائندے ڈیوڈ کروالا نے کہا کہ ہم ہرقسم کے نسل پرستانہ اورمذہبی تعصب کیخلاف ہیں اور ہم نیوزی لینڈ میں ہونیوالے واقعے کی مذمت کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم ہفتہ کے روزمتعصب جماعت’’واکس‘‘ کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔اسلامک سینٹر کلوت کے امام جعفرنے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلام امن وآشتی کا مذہب ہے اوروہ کسی طور پرکسی دہشت گردی اور نسلی تعصب کو ختم کرتا ہے۔یادرہے کہ اس واقعے میں نوافراد پاکستانی تھے جو شہید ہوئے تھے اور زخمیوں میں بھی پاکستانی شامل تھے مگر پاکستانی قونصلیٹ کا کوئی اہلکار اس غائبانہ نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوا جبکہ نیوزی لینڈ قونصلیٹ کے اہلکار شریک تھے۔نمازجنازہ میں پاک سپین فیڈریشن کے صدر چوہدری ثاقب طاہر،چوہدری عدیل طاہر،چوہدری عقیل طاہر،طاہر فاروق وڑائچ اور دیگر پاکستانیوں نے بھی شرکت کی۔