سنچری میکر پر شکست کی ذمہ داری ڈالنا درست نہیں،محمد رضوان

March 26, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شارجہ کے دوسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں سنچری بنانے والے پاکستانیوکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت کا انحصار سلیکٹرز پر ہے ، مسلسل کارکردگی دکھارہا ہوں۔32 میں سے21 میچ فیلڈر کی حیثیت سے کھیلا ہوں۔ موقع کا انتظار تھا۔ اتوار کو شارجہ میں آسٹریلیا کے خلاف سنچری بنانے کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ مجھے آج موقع ملا میں نے ایک بار پھر اپنی کارکردگی سے ثابت کیا۔ اگر دوسری اننگز میں آپ کی سنچری ضائع ہوجائے تو آپ کہتے ہیں کہ ہم نے فنش نہیں کیا لیکن پہلی اننگز میں سنچری بناکر ہارنے کی ذمے داری سنچری میکر پر ڈالنا درست نہیں ہے۔ شارجہ کی پچ پر تین سو رنز نہیں بن رہے جس لئے حریف کو آسانی ہورہی ہے۔ ورلڈ کپ میں شمولیت کا انحصار سلیکٹرز پر ہے ۔ سلیکٹرز دو وکٹ کیپر لے کر جاتے ہیں یا مجھے بیٹسمین کی حیثیت سے لے کر جاتے ہیں یا نہیں۔ اس وقت میرافوکس پرفارمنس پر ہے۔ محمد رضوان نے اعتراف کیا کہ دونوں ون ڈے میچوں میں ہم پندرہ بیس رنز کم بنارہے ہیں۔ اگر وکٹیں ہمارے ہاتھ میں ہوتی تو ہم آخری اوورز میں مزید رنز بناسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کسی بھی سطح پر سنچری بنائیں اس کی اہمیت ہوتی ہے یہ سنچری انٹر نیشنل لیول کی ہے کلب لیول کی سنچری بھی بڑی اہم ہوتی ہے۔