مرادعلی شاہ سے نیب کی پوچھ گچھ، قائم علی شاہ کی درخواست ضمانت

March 26, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،اے پی پی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی 5 رکنی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرا دیا،جبکہ سابق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے نیب کی گرفتاری سے بچنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سے نیب ٹیم نے ٹھٹھہ شوگر ملز کی نجکاری سے متعلق پوچھ گچھ کی، وہ اس حوالے سے اپنے ہمراہ کچھ دستاویزات بھی لائے تھے جو نیب کے حوالے کر دی گئیں۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ خوش ہوں کہ میرا موقف سنا گیا، سوالات کے مناسب جواب دیئے۔ مراد علی شاہ کی پیشی سے متعلق نیب نے اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سے نیب راولپنڈی میں ڈیڑھ گھنٹہ تفتیش کی گئی، ڈی جی نیب راولپنڈی کی سربراہی میں سی آئی ٹی نےمقدمہ سے متعلق سوال پوچھے، تحریری سوالنامہ بھی مراد علی شاہ کو فراہم کیاگیا ہے، میڈیا کو شکایات ،جانچ پڑتال، انکوائریوں اور تفتیش سے متعلق قیاس آرائیوں سےگریز کرنا چاہئے، نیب بے بنیاد او رمن گھڑت خبروں پر قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے،اعلامیہ میں مزید بتایاگیاہے کہ سوالنامہ کے جوابات 2 ہفتے میں نیب پنڈی میں فراہم کرنیکی ہدایت کی گئی ہے، سوالنامہ اور جوابات کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جائیگا اور جوابات کی روشنی میں وزیراعلیٰ سندھ کودوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا جائیگا۔