’’سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عدالت کا فیصلہ جو ہوگا ہمیں قبول ہو گا‘‘

March 26, 2019

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پرعدالت جو بھی فیصلہ کرے گی ہمیں قبول ہو گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری غیر ملکی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر پہلی بار غیر جانبدار جے آئی ٹی بنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سال میں پہلی بار نواز شریف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بارے میں پوچھا گیا ہے، دونوں جانب سے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں۔

طاہر القادری نے کہا کہ ہم سابقہ حکومت کی بنائی ہوئی پنجاب پولیس کی جے آئی ٹی نہیں چاہتے تھے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں دن دیہاڑے 90 افراد زخمی ہوئے جن کا بیان تک نہیں لیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مشتاق سکھیرا کو خصوصی جہاز بھیج کر بلوچستان سے بلایا گیا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف کے حصول تک عدالتی جدوجہد جاری رکھیں گے۔