کراچی: تیز ہوا سے حادثات، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

April 15, 2019

کراچی میں شدید طوفانی ہواؤں کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں 3افراد جاں بحق جبکہ بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

ریسکیو ذرائع کے مطابق گرومندر کے قریب تیز ہوا سے درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے نارتھ ناظم آباد میں پیپلز چورنگی کے قریب بھی درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

گزشتہ شب تیز ہواؤں کے باعث کورنگی ڈھائی نمبر کے حاجی مرید گوٹھ میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 5سالہ بچی مہک جان کی بازی ہار گئی تھی جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

رپورٹس کے مطابق شدید طوفانی ہواؤں سے جامع مسجد فش ہاربر کی چھت اڑ گئی، جس سے مؤذن زخمی ہوگیا۔

سمندر کے کنارے واقع مسجد کی چھت فائبر اور پائپوں کی مدد سے عارضی طور پر بنائی گئی تھی جو شدید ہوا کا دباؤ برداشت نہیں کر سکی، طوفانی ہوا سے فائبر شیٹس اور پائپوں کا ملبہ اطراف میں پھیل گیا۔

بہادر آباد میں ٹیپوسلطان سگنل کے قریب ایک نجی اسکول کی عارضی چھت گر گئی، ریسکیو ذرائع کے مطابق پائپس اور شیڈ سے بنائی گئی چھت شدید طوفانی ہواؤں کا دباؤ برداشت نہ کر سکی، حادثے میں متعدد بچوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

اسی دوران کلفٹن میں تین تلوار کے قریب بجلی کا پول گر گیا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

طوفانی ہواؤں سے لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں دینی مدرسے کی عارضی چھت گرنے سے متعدد بچے زخمی ہوگئے ہیں۔

سرجانی ٹاؤن میں لیاری ایکسپریس وے کے مکینوں کی بستی میں ایک گھر کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے متعدد افراد کے دب کر زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جوہر موڑ کے قریب بجلی کا پول گرگیا۔

سندھ ہائی کورٹ کے لان میں قدیم درخت جڑ سے اکھڑ گیا جو ہائیکورٹ کی پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں پر جا گرا، درخت گرنے سے ایک گاڑی مکمل تباہ ہو گئی جبکہ 2 کو معمولی نقصان پہنچا۔

کراچی پریس کلب کے دروازے پر موجود قدیم درخت بھی طوفانی ہوا سے اکھڑ کر گر گیا، تاہم اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

شاہین کمپلیکس کے قریب بھی درخت گر گیا جس کی وجہ سےٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

رات گئے بھی شہر میں گرد آلود طوفان نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا تھا۔