پیرس کے تاریخی چرچ میں آتشزدگی پر ٹرمپ کا مشورہ

April 16, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پیرس کے تاریخی گرجا گھر میں آگ لگنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے فلائنگ واٹر ٹینکر استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔


پیرس کے مشہور نوٹرڈیم کیتھڈرل میں تعمیر نو کے دوران آگ بھڑک اُٹھی تھی، چرچ میں لگنے والی آگ کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے چرچ کی چھت اور بلند مینار کو لپیٹ میں لے لیا، آگ سے چرچ کا مینار منہدم ہوگیا۔

پیرس میں نوٹرڈیم کے مشہورِ عالم کلیسا کی عمارت آگ لگنے سے خاکستر ہو گئی اور ساڑھے آٹھ سو برس قدیم کلیسا کی عمارت کے ساتھ ساتھ اس میں موجود مصوری کے تاریخی فن پارے بھی جل گئے۔

آگ سے چرچ کی چھت کا ایک حصہ بری طرح متاثر ہوا، درجنوں فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، حکام نے لوگوں کو علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

کیتھڈرل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شام ساڑھے چھ بجے اچانک فائر الارم بج اٹھے، جس کے بعد کیتھڈرل کو خالی کرالیا گیا، فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

پیرس کی میئر اینی ہیڈالگو کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں، عوام سیکورٹی حدود کا احترام کریں۔

واضح رہے کہ پیرس کے مشہور ترین کیتھڈرل میں ان دنوں تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔