کھیل پاکستانی کمیونٹی کو آپس میں جوڑے رکھتے ہیں،شاہد نواز وڑائچ

April 16, 2019

ایتھنز(پ ر)پاکستان کمیونٹی یونان کے صدر چوہدری شاہد نواز وڑائچ نے کہا کہ کھیل پاکستانی کمیونٹی کو آپس میں جوڑے رکھتے ہیں۔ وہ ایتھنز کے نواحی علاقہ تھیوا میں والی بال ٹورنامنٹ کے موقع پر گفتگو کررہے تھے، اس ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان یونان کے ویلفیئراتاشی سید اقبال حیدر نقوی اور پاکستانی کمیونٹی یونان کے صدر چوہدری شاہد نواز وڑائچ تھے۔ اس فائنل میچ کو دیکھنے کے لئے تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی دونوں ٹیموں کی طرف سے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا گیا ، تماشائیوں نے بھی فائنل میچ کو خوب انجوائے کیا۔ دلچسپ مقابلہ کے بعد انوفیتا کی ٹیم اس فائنل میچ کو جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ فائنل کے میچ کے اختتام پر ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ فرسٹ اور سیکنڈ آنے والی دونوں ٹیموں کو مہمان خصوصی کے ہاتھوں ٹرافیاں دی گئیں۔ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر چوہدری شاہد عباس اور پاکستانی کمیونٹی یونان کے صدر چوہدری شاہد نواز وڑائچ، حیدر سیال نے کہا کہ جس ملک کے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں اُس ملک کے ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں رہ کر بھی ہم اپنے کھیلوں کی ثقافت کو اجاگر کئے ہوئے ہیں۔ آنے والے وقتوں میں اس طرح کے ٹورنامنٹ جاری رہیں گے ۔