پاکستانی ڈاکٹروں کو رائل ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آئوٹ میں شرکت کی دعوت

April 16, 2019

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستانی فزیشنز اور سرجنز برطانیہ کی ایسوسی ایشن کو گزشتہ روز رائل ملٹی اکیڈمی میں کمانڈنٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کی دعوت دی گئی، جہاں پاکستانی ڈاکڑوں کی ایسوسی ایشن یوکے کے صدر شکیل پوری نے ایسوسی ایشن کی نمائندگی کی۔ پاکستانی ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن کے ارکان کو برطانوی فوج کے تربیتی ادارے سینڈھرسٹ میں ایک پرائیویٹ استقبالیہ میں بھی شریک کیا گیا۔ اس موقع پر انھیں برطانوی فوج کے چیف کمانڈنٹ میجر جنرل پائول مینسن سی بی ای سے ملاقات کا بھی موقع ملا۔ تقریب میں پہنچنے پر برطانوی فوج کے سینئر افسران نے ذاتی طور پر ان کا خیرمقدم کیا۔ پریڈ میں شرکت کے حوالے سے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے سربراہ نے اسے اے پی پی ایس یوکے کیلئے ایک اعزاز قرار دیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس پریڈ میں شرکت سے ہمیں فوج کے سینئر افسران کو این ایچ ایس میں خدمات کی انجام دہی کے علاوہ برطانوی سوسائٹی میں اے پی پی ایس کے مثبت کردار سے آگاہ کرنے کا موقع ملا۔ برطانوی مسلح افواج نے اے پی پی ایس کی مکمل حمایت کی پیشکش کی اور اب اے پی پی ایس کی اگلی تقریبات میں ان شااللہ برطانوی فوجی افسران کی بھی نمائندگی ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ برطانوی فوج میں پاکستانی ڈاکٹروں کیلئے پرکشش پیکیجز پر وافر مواقع موجود ہیں، برطانوی فوج کے مسلمان افسران وارنٹ افسر شاہد خان اور برطانوی فوج کی مسلم ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل صالح الحاجی نے نجی گفتگو میں بتایا کہ برطانوی فوج میں مکمل مذہبی اور ثقافتی آزادی حاصل ہے، برطانوی فوج کے جن دیگر افسران نے اے پی پی ایس کے صدر سے ملاقات کی، ان میں کرنل جیمز سندرلینڈ، لیفٹیننٹ کرنل ٹم پیٹرا انسکی اور میجر بین سٹوکس شامل تھے۔ شکیل پوری نے کہا کہ برطانوی فوجی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ان کی دی جانے والی تربیت دیکھنا انتہائی خوشگوار لمحات تھے۔