دبئی: ویب سائٹس ہیک کرنے پر بھارتی شہری کو سزا

April 16, 2019

دبئی میں بھارتی آئی ٹی پروگرامر کو 15ویب سائٹس ہیک کرنے کے الزام میں تین ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے، سزا پوری ہونے کے بعد اُسے ملک بدر کردیا جائے گا۔

بھارتی اخبار کے مطابق 33 سالہ آئی ٹی پروگرامر نے اپنے مالک کی جانب سے تنخواہ میں کٹوتی پر 15 کلائنٹس کی ویب سائٹس ہیک کرلی تھیں۔

دبئی کی عدالت نے بھارتی شہری کو ویب سائٹس ہیک کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزامات میں سزا سنائی ہے تاہم ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

کمپنی کے مالک کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر پروگرامر نے تنخواہ سے سے 4ہزار درہم (ایک ہزار 80 ڈالر) کی کٹوتی کے بعد ملازمت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور دوسرے پروگرامر کو واٹس ایپ پیغام میں کہا تھا کہ کمپنی نے میرے پیسے واپس نہیں کیے تو وہ ویب سائٹس ہیک کرلے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے لیپ ٹاپ سے ملنے والے ڈیٹا سے تصدیق ہوئی ہے کہ اُس نے ویب سائٹس تک رسائی حاصل کی تھی تاہم اُس نے الزامات کو مسترد کیا ہے۔