وزیراعلیٰ پنجاب ماضی کے مقابلے میں پراعتماد ہیں،عارف نظامی

April 17, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارماضی کے مقابلے میں پراعتماد ہیں، نون لیگی رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ شہبازشریف سمجھتے ہیں کہ تمام اداروں کو ریاست کے مفاد میں ایک صفحہ پر ہوناچاہئے،ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفرازنے کہا کہ کراچی میں بارش کا امکان نہیں،پروگرام میں اسٹیج اداکار ببوبرال کی آٹھویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیاگیا۔سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارماضی کے مقابلے میں پراعتماد ہیں ،وہ اب میڈیاسے بھی اپنے خیالات کااظہارکرتے ہیں۔ وزیراعظم نے عثمان بزدارکو حوصلہ دیا ہے البتہ وہ بیوروکریسی سے کام لے سکتے ہیں یا نہیں یہ ایک بڑا سوال ہے کیوں کہ بیوروکریسی نیب کے دباوٴکی وجہ سے کوئی کام کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔پنجاب کی بیوروکریسی میں مسلسل اکھاڑ پچھاڑ ہورہی ہے جس میں وزیراعظم کی مشاورت شامل ہے ۔ پنجاب کابینہ میں قلمدان کی تبدیلی کے امکانات ہیں۔عثمان بزدارکو وزیراعظم کی طرف سے واضح پیغام دیا گیا ہے کہ آپ کوبہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔وفاقی حکومت میں بھی کچھ وزرا توقعات پر پورا اترتے نظر نہیں آتے ۔مثلاًوزیرداخلہ برائے مملکت شہریارآفریدی نے کہا کہ وزیراعظم نے ایران کے سابق اسپیکر ہاشمی رفسنجانی سے فون پر گفتگو کی ہے جبکہ ان کا انتقال ہوچکا ہے۔ فیصل واوٴڈا اور اسد عمر جیسے وزرا ہوں گے تو ان کی تبدیلی بھی ناگزیر ہوگی ۔ پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازکی گرفتاری کا خطرہ ٹلا نہیں ہے ۔ نون لیگی رہنما ملک احمد خان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گورننس سے کوئی کرپشن نہیں نکلی توشریف خاندان کے کاروبارسے کرپشن نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے ایسا لگتا ہے کہ سن 2000کے بعد سے ان کی کاروباری ٹرانزیکشن کو دیکھا جارہا ہے ۔