پی ٹی آئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم متعارف کرانا چاہتی ہے

April 22, 2019

اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کاروباری شخصیات کو آنے والی متنازع ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے حقیقی اثاثوں اور آمدنی کو ظاہر کرنے کیلئے اپنی بیلینس شیٹس ایڈجسٹ کرنے کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ تحریک انصاف حکومت ٹیکس ایمنسٹی اسکیم متعارف کرانا چاہتی ہے لیکن انہیں اس سے قبل تازہ بیل آؤٹ پیکج پر آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف سطح کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔ اگرچہ وزیر اعظم عمران خان نے فنانس پر نئے تقرر شدہ مشیر ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کو مجوزہ ایمنسٹی اسکیم کو آسان بنانے کی ذمہ داری سونپی ہے، ڈاکٹر شیخ نے اس کی حتمی منظوری اور اعلان سے قبل آنے والے سالوں میں مجوزہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے اثر کا تجزیہ کرنے کیلئے ایف بی آر کو ہدایت کردی۔ ذرائع نے ڈاکٹر شیخ کی بات کا حوالہ دیا کہ ٹیکس ایمنسٹی کو عام طور پر محض مستقبل کے قرضوں سے بچنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے اس لئے ان تمام پہلوؤں کو ذہن میں رکھنا ہوگا۔ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا مقصد محض ریوینیوز حاصل کرنا نہیں ہونا چاہئے بلکہ اس سے قابل ٹیکس آمدنی کی وسعت کے حصول میں مدد کرنی چاہئے۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کی کہ ہم انہیں اپنی بیلینس شیٹس پر تمام اثاثے اور آمدنی لانے کا موقع دینا چاہتے ہیں جیسا کہ اپنی بیلینس شیٹس میں بہتری کے بغیر وہ مشترکا اقدام (جوائنٹ وینچرز) کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ آنے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پچھلی والی اسکیموں سے مکمل طور پر مختلف ہوگی کیونکہ ان اسکیموں نے خصوصاً افراد پر توجہ دی لیکن اب ایف بی آر حکومت کو کہہ رہا ہے کہ وہ کاروباری شخصیات کو اپنی بیلینس شیٹس بہتر بنانے کیلئے اپنی آمدنی ظاہر کریں جسے واجب الادا ٹیکسز سے بچنے کے مقصد سے عام طور پر ایف بی آر ریکارڈز کے حلقے سے باہر رکھا جاتا تھا۔ اگرچہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کابینہ کے اگلے اجلاس کے ایجنڈے پر نہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ قابل ٹیکس آمدنی کو وسعت دینے کے مقصد سے مجوزہ اسکیم کو آسان بنائیں۔ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر ڈاکٹر حفیظ کی زیر صدارت اعلیٰ اختیاراتی اجلاس میں شرکت کے بعد وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے دی نیوز کو بتایا کہ ابھی تک یہ کابینہ کے اگلے اجلاس کا ایجنڈا نہیں لیکن اس اسکیم کی منظوری کیلئے ہم ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر خصوصی اجلاس بلا سکتے ہیں۔ایک دفعہ کے ریوینیو اقدام کی حیثیت سے متعارف کرانے کے بجائے قابل ٹیکس آمدنی کی وسعت کے مقصد سے فنانس پر وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ سے رہنمائی حاصل کرنے کے بعد ٹیکس ایمنسٹی اسکیم مزید آسان ہوجائے گی۔ وزارت خزانہ نے اپنے سرکاری اعلان میں کہا تھا کہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے ایف بی آر عہدیداران کے ساتھ اتوار کو مجوزہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم 2019 کا جائزہ لیا تھا۔ اجلاس میں اسکیم کے خدوخال اور اس کی وسعت پر توجہ دی گئی۔ مشیر خزانہ نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ اس اسکیم میں معمولی تبدیلیاں کرکے اسے سمجھنے اور آسانی سے عملدرآمد کرنے کیلئے آسان بنادے تاہم حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا ٹائم فریم اب تک ترتیب نہیں پایا۔