’پولیو ویکسین سے طبیعت خرابی کی افواہیں سازش ہیں‘

April 22, 2019

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے پولیو کے قطرے پینے سے بچوں کی حالت غیر ہونے کو یکسر مسترد کردیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ہشام اور انسداد پولیو پروگرام کے فوکل پرسن بابر عطا نے ہیلتھ سیکریٹریٹ پشاور میں نیوز کانفرنس کی اور پولیو ویکسین سے بچوں کی طبیعت کی خرابی کی افواہوں کو سازش قرار دیا۔

دونوں رہنمائوں نے میڈیا کی موجودگی میں پولیو ویکسین خود بھی پی کر دکھائی اور کہا کہ پشاور میں بچوں کو پلائی گئی پولیو ویکسین میں کوئی خرابی نہیں، بچوں کی حالت افراتفری کی وجہ سے خراب ہوئی۔

صوبائی وزیر نے پولیو ویکسین کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعلان کیا جبکہ بابرعطا نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سازش کے خلاف تحقیقات کرانی چاہیے، جو بھی ملوث ہیں انہیں سزا ملنی چاہیے۔

ڈاکٹر ہشام نے بتایا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے کے بعد ڈھائی سو سے زائد بچے پیٹ میں درد کی شکایت کے ساتھ اسپتال لائے گئے،مگر کسی بچے میں کوئی بیماری نہیں پائی گئی، سب کو ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین سے بچوں کی حالت بگڑنے کی افواہ کا پھیلنا ایک سازش ہے،عوام سے اپیل ہے وہ ان پر کان نہ دھریں۔