پاکستانی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کیلئے لندن پہنچ گئی

April 24, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

لندن (جنگ نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم جیت کا عزم لئے لندن پہنچ گئی جہاں وہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف 5ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز اور ایک ٹی 20میچ کھیلے گی۔ دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کیلئے17رکنی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، سرفراز احمد، عماد وسیم، حسن علی، محمد عامر، جنید خان، یاسر شاہ شامل ہیں۔اس کے علاوہ محمد حسنین، عابد علی، بابر اعظم اور شاہین آفریدی بھی سکواڈ کا حصہ ہیں، شعیب ملک دبئی سے ٹیم کو جوائن کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم 27 اپریل کو انگلینڈ کے مقامی کلب کینٹ کاؤنٹی کے خلاف میچ سے دورے کا آغاز کرے گی جس کے بعد پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ5مئی کو کھیلا جائے گا۔ ورلڈکپ کا افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30مئی کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف31مئی کو کھیلے گی جب کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا 16 جون کو ہوگا۔ لندن روانگی سے قبل کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، ایک نہیں تمام کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سیمی فائنل تک رسائی کو پہلا ٹارگٹ قرار دیا ہے۔