جسٹس قاضی محمد امین احمد نے بطور جج سپریم کورٹ حلف اُٹھالیا

April 24, 2019

جسٹس قاضی محمد امین احمد نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا، چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے ان سے حلف لیا۔

جسٹس قاضی محمد امین احمد کی تقریبِ حلف برداری میں سپریم کورٹ کے ججوں، بار کونسل کے نمائندوں اور سینئر وکیلوں نے شرکت کی۔

قاضی محمد امین لاہور ہائی کورٹ سے 25 مارچ کو ریٹائرڈ ہوئے تھے، ان کے حلف اٹھا لینے کے بعد اب سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 17 ہو گئی ہے۔

سپریم کورٹ کے نئے جج قاضی محمد امین نے صدارتی نوٹیفکیشن کے بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔

جسٹس قاضی محمد امین کا تعلق راولپنڈی سے ہے اور انہوں نے کریمنل لاء میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے، انہیں فوجداری مقدمات کا ماہر سمجھا جاتا ہے۔

7 نومبر 2014ء کو انہیں ایڈیشنل جج لاہور ہائی کورٹ مقرر کیا گیا تھا، ہائی کورٹ میں تعیناتی کے دوران انہوں نے ہزاروں مقدمات نمٹائے، اس کے علاوہ انہوں نے الیکشن ٹریبونل بہاولپور کے طور پر بھی خدمات سر انجام دیں۔

جسٹس قاضی محمد امین رواں سال ہائی کورٹ کے جج کے طور پر 25 مارچ کو ریٹائرڈ ہوئے تھے تاہم سپریم کورٹ میں میاں ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایک جج کی خالی اسامی کی تعیناتی کے لیے چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرتے ہوئے قاضی محمد امین کے نام کی منظوری دی تھی جسکے بعد صدارتی نوٹیفکیشن کے بعد وہ اپنے عہدے پر فائز ہو گئے۔

چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ بھی فوجداری مقدمات کے ماہر سمجھے جاتے ہیں، انہوں نے قاضی محمد امین کی مہارت کو پرکھتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ لانے کا فیصلہ کیا۔