’پسماندہ علاقوں میں ترقی لائے بغیر ترقی نہیں کر سکتے‘

April 24, 2019

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں میں ترقی لائے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، قبائلی علاقوں میں سالانہ ایک سو ارب روپے خرچ کریں گے۔

وزیرستان میں وزیر اعظم عمران خان نے سپن کئی زغزئی میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں ترقی لائے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، اسی لیے اب سے قبائلی علاقوں میں سالانہ ایک سو ارب روپے خرچ کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے سب سے زیادہ آواز اٹھائی ہے کہ ہم اس علاقے میں امریکا کے کہنے پر اپنی فوج نہ بھیجیں۔ انہوں نے کہا میں آپ کے سارے مسائل سمجھتا ہوں، ہمارا مقصد ہے کہ آپ کے تمام مسائل حل کیے جائیں۔

دوران خطاب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ میں آپ کے لیے وہ کچھ کروں گا جو نہ کسی نے ماضی میں کیا اور نہ کوئی آیندہ کرے گا، نیا پاکستان ریاست مدینہ کے اُصولوں پر بننا چاہیے تھا اور ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف پر تھی۔

عمران خان نے کہا کہ ہم جو تبدیلی لے کر آ رہے ہیں اب وہ بہت تیزی سے آئے گی، نوجوانوں کو قرضے بھی دیں گے۔ گزشتہ 10 سالوں میں ملک کا قرضہ تین گنا زیادہ کر دیا گیا ہے، ملک چلانے کے لیے ہمارے پاس پیسہ کم ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ نقل مکانی کرنا قبائلی علاقوں کے لیے سب سے تکلیف دہ تھی، سارے قبائلی علاقوں میں صحت انصاف کارڈ دیں گے۔

قبائلی علاقے میں رہنے والوں کو تھوڑا صبر کرنا ہو گا، جلد آپ کے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔