یونیورسٹی روڈ کی کھدائی کا نوٹس،ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

April 25, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )یونیورسٹی روڈ کی کئی روز سے جاری کھدائی جس سے بری طرح ٹریفک جام ہو رہا تھا بالآخر انتظامیہ نے نوٹس لے لیااورکمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یونین کونسل سڑک کی کھدائی کی اجازت دینے کے مجاز نہیں،شہر میں کوئی یوٹیلٹی ادارہ ڈپٹی کمشنرز کی پیشگی اجازت (این او سی )کے بغیر سڑک کی کھدائی نہیں کرے گا جو ادارہ بغیر ضلعی انتظامیہ کے این او سی کے بغیر سڑک کی کھدائی کا ذمہ دارہو گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ کھدائی کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا،اجلاس میں تما م ڈپٹی کمشنرز، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، کے الیکٹرک ، بلدیہ عظمی کراچی ضلعی بلدیات کے ڈی اے اور کنٹونمنٹ بورڈز کے سینئر افسران نے شرکت کی،کمشنر نے یونیورسٹی روڈ پر کھدائی کا سخت نوٹس لیا کمشنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہر میں کئے جانے والے اہم ترقیاتی منصوبہ یونیورسٹی روڈ کی تعمیر مکمل ہونے کے صرف چھ ماہ بعد روڈ کی کٹنگ افسوس ناک ہے،انھوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ ایک شاندارسڑک تعمیر کی گئی جس کی تعمیر کو شہریوں نے سراہا تھا اچانک اس کی کھدائی افسوس نا ک بات ہے،انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو تنبیہ کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ پندرہ روز میں کام مکمل کرے کے ایم سی کوروڈ کٹنگ کے حوالہ سے ادائیگی کرے تاکہ ٹریفک کے لئے بحال کیا جا سکے،کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے یونیورسٹی روڈ کی کٹنگ کا نوٹس لیا ہے اور جلد از جلد مرمت کر کے سڑک کو بحال کر نے کی تاکید کی ہے۔انھوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے الیکٹر ک اور دیگر یوٹلٹی اداروں کو تنبیہ کی کہ وہ آئندہ ڈپٹی کمشنر کی این او سی کے بغیر کھدائی نہ کریں۔