برمنگھم میں میلاد مصطفیٰﷺ کی تیاریاں مکمل

April 25, 2019

برمنگھم (نمائندہ جنگ) سرزمین یورپ کے سب سے بڑے میلادمصطفیٰﷺ کی تمام تر تیاریاں مکمل، دربارعالیہ نیریاں شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیرنور العارفین صدیقی کی سرپرستی و صدارت میںمنعقدہ اس عظیم الشان میلاد مصطفیٰﷺ میں برطانیہ و یورپ بھر سے ہزاروں عاشقان رسولﷺ شرکت کریں گے۔ خواتین کی بہت بڑی تعدادبھی میلادی جلوس میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کرے گی۔ دن 12بجے جامع مسجد محی الدین صدیقہ آسٹن سے صاحبزادہ پیر نورالعارفین صدیقی کی قیادت میں ہزاروں فرزندان اسلام کا جلوس نکالا جائے گا جو مختلف راستوں اور شاہراہوں سے ہوتا ہوا آسٹن پارک میں عالمی میلاد کانفرنس میںاختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر نامور علماء دین، ممبران پارلیمنٹ اور دیگر اہم شخصیات کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ نبی کریم آقا دو جہاںﷺکی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالنے کے ساتھ علماء و مشائخ اور دیگر مقررین عالمی امن کے قیام اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے بھی خطابات کریںگے۔ آخر میں صاحبزادہ پیر نورالعارفین صدیقی خصوصی دعا کروائیںگے۔