پی پی جعلی مینڈیٹ والی حکومت ہے، خالد مقبول

April 25, 2019

ايم کيو ايم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے پیپلز پارٹی کو جعلی مینڈیٹ رکھنے والی حکومت قرار دےدیا، اُن کا کہنا ہے کہ 27 اپریل کو تاريخی جلسہ ہوگا، بڑے اعلانات ہونگے۔

عامر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 11 سال تک سندھ کو لوٹا، جلسے ميں ان کے کارنامے عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔

ایم کیو ایم کے باغ جناح ميں جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، ايم کيو ايم سربراہ خالد مقبول صديقی نے رابطہ کمیٹی اراکین کے ہمراہ باغ جناح کا دورہ کیا اورتیاریوں کا جائزہ ليا۔

دورے کے بعد پریس کانفرنس ميں پیپلز پارٹی پر خوب تنقید کی، سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ سندھ میں جعلی مینڈیٹ رکھنے والی حکومت قابض ہے۔

خالد مقبول صديقی نے کہا کہ مردم شماری اور حلقہ بندیوں میں دھاندلی کی گئی، جلسہ سندھ کی سیاست کا تعین کرے گا۔

سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کی توپوں کا رخ بھی پیپلز پارٹی پر رہا، اُن کا کہنا تھا کہ جلسے میں پیپلز پارٹی کے کارنامے گنوائیں گے، پیپلزپارٹی نے 11 سال میں شہری علاقوں سے لوٹ مار کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کا کامیاب جلسہ یہ ثابت کریگا کہ ایم کیوایم آج بھی متحد ہے۔