غلط ڈرپ جان لیوا ہوسکتی ہے، بلاوجہ لگوانے سے گریز کریں، میرخلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کا سیمینار

April 26, 2019

لاہور ( رپورٹ وردہ طارق ) پاکستان میں ڈرپ بہت زیادہ فروخت کی جاتی ہے ڈرپ میں پانی، فلیوڈاور سالٹ ہوتا ہے اگر ڈرپ غلط لگ جائے تو مریض جاں بحق ہو سکتا ہے ۔ ہمارے ہاں لوگ تھوڑی سی جسمانی کمزوری محسوس کرنے پر فوراً سے ڈرپ لگوا لیتے ہیں جو کہ بالکل غلط ہے اس کے علاوہ اتائی ڈرپس اور انجکشن کا بہت استعمال کرتے ہیں عوام میں اس بارے میں آگاہی پھیلانے کی اشد ضرورت ہے کہ بلاوجہ ڈرپس لگوانے سے گریز کرنا چاہئے اور بعض اوقات ڈرپ کا پلاسٹک بھی ریکشن کا باعث بن جاتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے میر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ آف نیوز پیپرز) اور اوٹسو کا پاکستان لمیٹڈ کے زیر اہتمام ’’ڈرپ تجویز کرنے کے زریں اصول اور آگاہی ‘‘ کے موضوع پر ہونے والے سیمینار میں کیا ماہرین کے پینل میں پرنسپل لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر مجید چودھری، ڈین آف میڈیسن کے ای ایم یو و میوہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ارشاد قریشی، پرنسپل سروسز انسٹی آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج و چیف ایم ایس جناح ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر عارف تجمل، ڈائریکٹر ڈی جی ہیلتھ محمد عالمگیر رائو، ہیڈ آف میڈیسن ڈیپارٹمنٹ لاہور جنرل ہسپتال لاہور یونٹ 1پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب، صدر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز پروفیسر ڈاکٹر آفتاب شیخ، صدر پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز ڈاکٹر طارق عزیز، ہیڈ آف انستھیزیاڈیپارٹمنٹ چلڈرن ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر سیدہ آصف، نرسنگ مینجر حمید لطیف ہسپتال ادیبہ، یورالوجسٹ ڈاکٹر آصف بلوچ، ہیڈآف آئی سی یو جناح ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر اشرف ضیاء، ہیڈ آف گیسٹرو انٹرولوجی ڈیپار ٹمنٹ جناح ہسپتال لاہور، ڈاکٹر آفتاب محسن شامل تھے۔ حرف آغاز اوٹسو کا پاکستان لمیٹڈ محمد ارشد نے پیش کیا جبکہ حرف تشکر سینئر پروڈکٹ مینجر اوٹسو کا پاکستان لمیٹڈ محمد ولی نے پیش کیا۔میزبانی کے فرائض چیئرمین میر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی واصف ناگی نے سرانجام دیئے۔ تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولؐ کی سعادت محمد خلیق حامد نے حاصل کی۔پروفیسر ڈاکٹر مجید چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمارے ہاں زیادہ تر ڈرپس بغیر وجہ کے لگائی جاتی ہیں۔ غیر ضروری ڈرپس لگوانے سے گریز کریں ۔ اصولی طور پر ڈرپ بری چیز نہیں ہے مگر اس کا استعمال ٹھیک سے کرنا چاہئے ۔ ڈرپس کا سٹینڈرڈ بھی ٹھیک ہونا چاہئے ۔پروفیسر ڈاکٹر ارشاد قریشی نے کہا ڈرپس ہمیشہ اچھی کوالٹی کی استعمال کرنی چاہئیں ۔پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا ڈرپس کی کوالٹی کو اچھے طریقے سے چیک کر لینا چاہئے چھوٹے علاقوں میں مریض کو ذرہ سی کمزوری ہونے پر فوراً اسے ڈرپ لگا دی جاتی ہے۔