مہنگائی پوری دنیا میں ہے، خسارے والے ادارے فروخت کریں گے، مشیر تجارت

May 05, 2019

لاہور(خبرایجنسی)وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی لانے کے لیے تمام محکموں کو مل کر کام کرنا ہوگا جبکہ مہنگائی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ مہنگائی عالمی سطح پر بھی بڑھ رہی ہے، خسارے والے ادارے فروخت کرینگے،5برس میں صنعتیں بنداور برآمدات میں کمی ہوئی ۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرزاق داد نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو درست ڈگر پر ڈالنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، برآمدات اور درآمدات کا فرق کم کیا جارہا ہے، حکومت ایسے فیصلے کررہی ہے جس سے دوررس نتائج آئیں گے، مہنگائی میں کمی لانے کے لیے تمام محکموں کو مل کر کام کرنا ہوگا جبکہ مہنگائی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے، مہنگائی عالمی سطح پر بھی بڑھ رہی ہے۔عبدالرزاق داد نے خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ نقصان والے اداروں کو فعال بنانا ہوگا، خسارے والے اداروں کا بوجھ اب نہیں اٹھائیں گے، خسارے والے اداروں کی نجکاری کردی جائے گی، حکومت کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جس سے عوام کو فائدہ نہ پہنچے۔