حالی کے ادبی لطائف: ہالی موالی کا مولوی ہونا

May 08, 2019

ایک مرتبہ مولانا حالیؔ سہارن پور تشریف لے گئے اور وہاں ایک معزز رئیس کے پاس ٹھہرے جو بڑے زمیں دار بھی تھے ۔ گرمی کے دن تھے اور مولانا کمرے میں لیٹے ہوئے تھے۔اسی وقت اتفاق سے ایک کسان آ گیا ۔ رئیس صاحب نے اس سے کہا: ’’یہ بزرگ جو آرام کررہے ہیں ان کو پنکھا جھل ‘‘ وہ بے چارہ پنکھا جھلنے لگا ۔ تھوڑی دیر بعد اس نے چپکے سے رئیس صاحب سے پوچھا کہ’’ یہ بزرگ جو آرام کررہے ہیں ، کون ہیں ؟ میں نے ان کو پہلی مرتبہ یہاں دیکھا ہے ۔‘‘ رئیس نے جواب دیا ’’کم بخت تو ان کو نہیں جانتا ، حالاں کہ سارے ہندوستان میں ان کا شہرہ ہے ۔ یہ مولوی حالیؔ ہیں۔‘‘ اس پر غریب کسان نے بڑے تعجب سے کہا۔’’جی کبھی ہالی(ہالی موالی) بھی مولوی ہوئے ہیں؟‘‘۔ مولانا لیٹے تھے ، سو نہیں رہے تھے ۔ کسان کا یہ فقرہ سن کر پھڑک اٹھے، فوراً اٹھ کر بیٹھ گئے اور رئیس صاحب سے فرمانے لگے، ’’حضرت اس تخلص کی داد آج ملی ہے ۔‘‘