عمران خان اپنے رشتے داروں کو نواز رہے ہیں، ن لیگ

May 15, 2019

اسلا م آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کےسینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی لہر اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر بحث کرائی جائے، ہمارے کام آگےبڑھاتے تونئی ایمنسٹی کی ضرورت نہ پڑتی، جب ہم ایمنسٹی لائے تو عمران خان اور اسد عمر نے لعنتیں بھیجیں، موجودہ ایمنسٹی اسکیم سے عمران خان کے رشتہ دار اور احباب فائدہ اٹھائیں گے۔گزشتہ روز احسن اقبال، مریم اور نگزیب، مرتضی جاوید عباسی اور عطا اللہ تارڑکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے شاہد خاقان نے کہا کہ ہم نے جو ایمنسٹی اسکیم دی وہ بری تھی آج حکومت جو ایمنسٹی اسکیم دے رہی کیاوہ ٹھیک ہے؟انہوں نے الزام لگایا کہ چوروں کو چھٹی دیدی گئی ہے،پارلیمنٹ میں ہماری مکمل زبان بندی ہے،ان کیسوں کا کچھ نہیں بننا،مشیر خزانہ ایوان میں آنا پسند نہیں کرتے،عمران خان کے وزیر سیاسی انتقام میں مصروف ہیں،ہم اس سیاسی انتقام کی مذمت کرتے ہیں، قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے ریکوزیشن جمع کروا دی ہے، دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہونا تشویشناک ہے، ملکی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہی بلا لینا چاہئے، جب ہم ایمنسٹی لائے تو عمران خان اور اسد عمر نے لعنتیں بھیجیں، موجودہ ایمنسٹی سکیم سے عمران خان کے رشتہ دار اور احباب فائدہ اٹھائیں گے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہماری ایمنسٹی اسکیم اصلاحاتی پیکیج تھا،ہر سال ایمنسٹی اسکیم نہیں لائی جاسکتی، ہم نے پانچ نکاتی پیکیج دیا لیکن انہوں نے اس ایمنسٹی کو مسترد کردیا اور اب خود نئی اسکیم لے آئے۔