ورلڈ کپ میں کون کیسے پہنچا،2مرتبہ کا چیمپئن کوالیفائر ایونٹ کھیلنے پر مجبور

May 16, 2019

ملتان (اسپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کیلئے ٹیموں کی تعداد 10 تک محدود کر کے ایسوسی ایٹ ٹیموں کی رسائی مشکل بنا دی تھی۔اس لیے ٹورنامنٹ میں کوئی ایسوسی ایٹ ٹیم شامل نہیں ہے ۔ سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز ٹیم کو بھی کوالیفائر ایونٹ میں جانا پڑا۔ 2015ء کے ورلڈ کپ کے ٹھیک ایک سال بعد 2016ء میں پاکستان کی گرتی رینکنگ ، ویسٹ انڈیز کی زوال پذیری، بنگلہ دیش کی اٹھان اور سری لنکا کی درمیانی کارکردگی نے جنگ کا سماں باندھ دیا، پاکستان نے 2017ء میں حیران کن طور پر آئی سی سی چیمپینز ٹرافی جیت کر یکدم اونچی چھلانگ لگائی اور براہِ راست کوالیفائی نہ کرنے کے خطرے سے باہر نکل گئی۔ ویسٹ انڈیز کوالیفائر کھیلنے پر مجبور ہوا۔ زمبابوے میں کھیلےگئے ایونٹ میں میزبان ٹیم کے ساتھ افغانستان سابق عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے لئے مستقل تلوار بنے رہے،فائنل نتائج نے ویسٹ انڈیز کو تو بڑی ہزیمت سے بچالیا ویسٹ انڈیز اور افغانستان کی ٹیمیں ٹاپ پوزیشن کے ساتھ 9ویں اور 10ویں نمبر پر ورلڈ کپ کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں ۔