امام الحق کا اعزاز،کپل دیو کا 36سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

May 16, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے بر سٹل ون ڈے میں151رنز کی اننگز کے دوران انگلینڈ میں چھتیس سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ۔امام الحق انگلش سرزمین پر ون ڈے اننگز میں ایک سو پچاس رنز بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے امام الحق نے برسٹل میں 23 سال 153 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دیا ۔بھارت کے سابق کپتان کپل دیونے 1983 میں چوبیس سال 163 دن کی عمر میں زمبابوے کیخلاف 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ امام الحق نے ایک اور تاریخ بھی رقم کی ہے اور وہ انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے پاکستانی بھی بن گئے ہیں اس سے قبل یہ اعزاز فخر زمان کے پاس تھا جنہوں نے 138 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ امام الحق کا کہنا ہے کہ مام الحق نے کہا کہ ورلڈکپ سے پہلے پریکٹس میچوں کے ساتھ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہاہے ، جو میگاایونٹ میں بہت کام آئے گا، اگر ٹیم جیت جاتی کافی اچھا ہوتا، اس اننگز سے اعتماد میں مزید اضافہ ہواہے، کوشش ہوگی کہ اگلے آنے والے میچوں میں بھی کارکردگی کے اس تسلسل کو برقرار رکھوں۔ بطور اوپنرٹیم کوچ اور کپتان نے جومیرا کردار طے کیا ہے اس میں وکٹ پر قیام کرنے کے ساتھ اسکور بورڈ کو بھی متحرک رکھنا ہے، ساتھی اوپنر فخر زمان چوں کہ زیادہ جارحانہ انداز سے کھیلتے ہیں تو اس صورت حال میں میری ذمہ داری ہوتی ہے کہ ایک اینڈ سنبھالے رکھوں اور انہیں زیادہ کھیلنے کا موقع فراہم کروں، ابتدائی دو وکٹ جلد گرجانے کے بعد بس یہ ہی سوچا تھا کہ 50 اوورز تک کھڑے ہوناہے۔ انگلینڈ کے لیے ہدف اتنا آسان نہیں تھا لیکن چند ڈراپ کیچ کی وجہ سے انہیں اسکور بنانے میں آسانی ہوئی۔ اپنی غلطیوں سے سیکھ کر اگلے میچوں میں مزید اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے، مثبت چیز یہ ہے کہ ہر میچ میں سب لڑکے جان ماررہے ہیں۔