نیب نےمیرٹ پر کام نہیں کیا، زرداری کو گرفتار کرنا آسان نہیں، تجزیہ کار

May 16, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نیب نے میرٹ پر کبھی کام نہیں کیا،آصف زرداری کو گرفتار کرنا آسان نہیں،جو چیزیں ریاست شریف میں ناجائز ہوتی ہے وہ خلافت نیازی میں حلال کیسے ہوجاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار ارشادبھٹی،سلیم صافی،حسن نثار،شہزاد اقبال ،بینظیرشاہ،حفیظ اللہ نیازی نے جیو کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان ابصا کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان ابصا کومل نے اپنے پینل کے سامنے سوال رکھا کہ نیب کا آصف زرداری کے خلاف آٹھ مقدمات میں الزامات ثابت ہونے کا دعویٰ کیا آصف زرداری کی گرفتاری ہوسکتی ہے۔ اس کے جواب میں سنیئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ پاکستان میں اب کچھ بھی یقینی نہیں رہا آصف زرداری پر پہلے بھی کیسز بنے یقینی سزا تھی لیکن نہیں ہوئی۔ سنیئر تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ پاکستان میں اس بنیاد پر کہ کرپشن کی ہے گرفتار یقینی نہیں ہوجاتی اگر آپ ایک کیمپ میں ہیں آپ نے کچھ کیا ہو یا نہیں کیا ہو تو آپ محفوظ رہیں گے اگر دوسرے کیمپ میں ہیں تو پکڑے جائیں گے پاناما کی مثال آپ کے سامنے ہے پاناما میں دوسرے سب سے زیادہ اکاؤنٹ شرآم ترکئی کے خاندان کے تھے وہ تحریک انصاف میں ہیں اُن سے کسی نے نہیں پوچھا زرداری الیکشن سے پہلے اُسی کیمپ میں تھے جس میں تحریک انصاف والے ہیں تو اُن سے پوچھ گچھ نہیں ہوئی۔سنیئر تجزیہ کار حسن نثار کا کہنا ہے کہ یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے یہاں سوکھی بارش بھی ہوسکتی ہے ۔تجزیہ کار شہزاد اقبال نے کہا کہ ابھی کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے کیوں کہ ہمارے پاس محدود معلومات ہیں نیب کا کہنا آٹھ مقدمات کے خلاف ثبوت موجود ہے لیکن ابھی ثبوت ثابت نہیں ہوا ہے حتمی طور پر یہ کہنا کہ گرفتاری ہوجائے گی یا نہیں ہوگی یہ کہنا مشکل ہے۔ تجزیہ کار بے نظیر شاہ نے کہا کہ نیب کے پاس اختیارات ہیں کہ وہ کسی بھی وقت کسی کو بھی گرفتار کرسکتی ہے ۔ مسئلہ یہ ہے کہ گرفتاری تو ہوجاتی ہے لیکن نیب کی طرف سے ثبوت نہیں آتا کیس کو صحیح طرح نہیں چلایا جاتا فواد حسن فواد ، احد چیمہ کا کیس دیکھ لیجئے گرفتاری تو ہوجاتی ہے لیکن ثبوت نہیں آتے بنیادی مسئلہ پراسیکیوشن کا ہے۔ تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ آصف زرداری کے کیس کے میرٹ کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا اور آج تک نیب نے کبھی بھی میرٹ پر کام نہیں کیا۔ آصف زرداری کو گرفتار کرنا آسان نہیں ہے۔ وفاقی کابینہ نے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی منظوری دے دی اس سوال کے جواب میں حسن نثار نے کہا کہ گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلنا انگلی ٹیڑھی کرنی پڑتی ہے جب تک آپ آؤٹ آف باکس اقدام نہیں کرتے ان کا مذاق اُڑے گاکوئی نتیجہ حاصل نہیں ہوگا۔ بے نظیر شاہ نے کہا کہ اگر آپ اثاثے ظاہر نہیں کرتے تو اس پر سزا کیا ہے اگر کوئی اثاثہ ڈکلیئر نہیں کر رہا تو جرمانہ ہونا چاہے۔